منگلورو10؍جولائی (ایس او نیوز) آر ایس ایس رضاکار شرتھ کی لاش اسپتال سے اس کے گھر لے جاتے وقت بی سی روڈ پر پتھراؤ اور کشیدگی کے بعد پولیس شرپسندو ں کے خلاف جو کارروائی کررہی ہے ، اس کے خلاف وشوا ہندو پریشد کے لیڈرجگدیش شینو نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کشیدگی کے لئے سنگھ پریوار کے لیڈروں کو ذمہ دارانہ ٹھہرانا اور ان کے خلاف پولیس کی طر ف سے معاملات درج کرنا قابل مذمت ہے۔
جگدیش شینو کا کہنا ہے کہ سنگھ پریوار والوں نے لاش کا جلوس نکالنے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایاتھا۔ یہ اچانک اور فوری طور پر ہوگیا تھا۔ مگر جب لاش کے ساتھ چلنے والا پر امن جلوس بی سی روڈ پر پہنچا تو اس پر پہلے پتھراؤ کیا گیا۔ ہوسکتا ہے کہ اس کے ردعمل میں کچھ لوگوں نے تھوڑا سا جوابی پتھراؤ کیا ہو۔جب وہاں فساد کی سی حالت ہوئی تھی تو اس وقت ہندو تنظیموں کے لیڈر موقع پر موجود نہیں تھے لیکن اس کے باوجود بہت سے لیڈروں پر پولیس نے مقدمات درج کیے ہیں۔
جگدیش نے آر ایس ایس کارکن شرتھ کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگربدامنی اور فساد کے لئے ہندو لیڈروں کوگرفتارکیا جاتا ہے اور اس کے بعد بدامنی پھیل جاتی ہے تو پھر اس کے لئے ریاستی سرکار ہی ذمہ دار ہوگی۔